ترکیہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا سے متعلق مقدمے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے اور انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست دینے کا اعلان کیا ہے۔
ترک خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیر انصاف اکِن گورلیک نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کے خلاف مبینہ کارروائی کے معاملے میں نیتن یاہو اور دیگر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترک وزیر انصاف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’این سوشل‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ استنبول کی 11ویں ہائی کرمنل کورٹ میں نیتن یاہو، افیک ماسکووچ سمیت 35 ملزمان کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔
ان کے مطابق 14 جولائی 2026 کو نیتن یاہو اور افیک ماسکووچ کے خلاف نسل کشی کے الزامات کے تحت گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد وزارت انصاف نے وزارت داخلہ سے دونوں افراد کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس کے حصول کے لیے کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی۔
وزیر انصاف کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دستاویزات وزارت خارجہ کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔
اکِن گورلیک کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے شہریوں کے خلاف مسلح مداخلت کی گئی اور کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔
ان کے مطابق مقدمے میں انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی، تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر الزامات بھی شامل ہیں۔




