برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے ایرانی حکومت کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ تنازع بڑھنے کی صورت میں ایران مختلف جوابی اقدامات پر غور کر رہا ہے، جن میں یورپ میں موجود امریکی فوجی اثاثوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی افواج نے جنوب مشرقی یورپ، بشمول بلغاریہ میں موجود امریکی فوجی اثاثوں پر ممکنہ حملوں کے امکانات کا جائزہ لیا ہے، جبکہ قبرص کو بھی ممکنہ ہدف کے طور پر زیر غور لایا گیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبلز میں خلل ڈالنے کے ممکنہ طریقوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔
رپورٹ میں ایرانی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے کسی بھی جوابی کارروائی کی نوعیت اور شدت کا انحصار امریکا کے آئندہ اقدامات پر ہوگا۔
ایرانی ذرائع کے مطابق تہران امریکا کے ساتھ تنازع کو مزید بڑھانے سے گریز کرنا چاہتا ہے، تاہم کسی بھی امریکی کارروائی کی صورت میں مختلف جوابی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




