معاشیات کا نوبیل انعام 2026، دو امریکی ماہرین کے نام

دونوں امریکی ماہرین کو معاشی نظام کے استحکام اور میکرو اکنامکس کی مائیکرو اکنامک بنیادوں سے متعلق تحقیق پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

رابرٹ ای ہال امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی جبکہ مائیکل ووڈفورڈ کولمبیا یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق دونوں ماہرین کی تحقیق نے معیشت کو درپیش جھٹکوں، توانائی کے بحران اور اچانک تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بہتر معاشی پالیسیاں تشکیل دینے میں مدد فراہم کی ہے۔

ان کی تحقیق میں اس بات پر توجہ دی گئی کہ خاندانوں اور کاروباری اداروں کے فیصلے مجموعی معیشت پر کیسے اثر انداز ہوتے ہیں اور ان عوامل کو مدنظر رکھ کر مستقبل کی معاشی پالیسیوں کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

معاشیات کے نوبیل انعام کے ساتھ مجموعی طور پر 12 ملین سویڈش کرونر کی انعامی رقم دی جاتی ہے، جو انعام حاصل کرنے والے ماہرین کے درمیان تقسیم کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ معاشیات کا یہ انعام باضابطہ طور پر ’’الفریڈ نوبیل کی یاد میں اقتصادی علوم کا سویریجز رکس بینک انعام‘‘ کہلاتا ہے۔ اس کا آغاز 1968 میں سویڈن کے مرکزی بینک نے کیا تھا اور پہلی مرتبہ 1969 میں دیا گیا تھا۔

فزکس، کیمسٹری، طب، ادب اور امن کے نوبیل انعامات کے برعکس معاشیات کا انعام الفریڈ نوبیل کی اصل وصیت میں شامل نہیں تھا۔

2026 کے نوبیل انعامات کے اعلانات کا سلسلہ 5 اکتوبر کو طب کے انعام سے شروع ہوا تھا، جس کے بعد فزکس، کیمسٹری، ادب اور امن کے انعامات کا اعلان کیا گیا۔ معاشیات کے انعام کے اعلان کے ساتھ ہی اس سال کے اعلانات مکمل ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں