خیبر پختونخوا کو انتشار نہیں، خدمت چاہیے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق بحث پر ردعمل دیتے ہوئے صوبے کی گزشتہ 13 سالہ کارکردگی پر تنقید کی ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو 13 برس سے دھرنے، انتشار، گالم گلوچ اور سوشل میڈیا ٹرینڈز ملے ہیں۔ ان کے بقول، آج صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں ہو رہی ہیں تو یہ عوام کا نہیں بلکہ 13 سالہ نااہلی کا قصور ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا ایک ہی ملک، آئین اور قومی خزانے میں شریک ہیں، اس کے باوجود ایک صوبے میں ترقی اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کی وجوہات پر سوال اٹھتا ہے۔ ان کے مطابق فرق وسائل کا نہیں بلکہ نیت اور اہلیت کا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر پنجاب میں صفائی، تعلیمی وظائف، گرین الیکٹرو بسیں، پختہ سڑکیں اور صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا میں بھی ایسا ممکن ہے۔ ان کا الزام تھا کہ صوبے میں عوامی فلاح کے منصوبوں کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور دھرنوں کو ترجیح دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ماؤں کے تحفظ، بچوں کی تعلیم اور مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں عوامی مسائل کے حل پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے مسائل کی بنیادی وجہ 13 سالہ انتشار اور نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں نعروں اور دعوؤں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے چلتی ہیں، اس لیے خیبر پختونخوا کو اب انتشار کے بجائے خدمت کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں