ایران کے خلاف امریکی پابندیاں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور خطے میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ حالیہ دنوں میں ایران سے متعلق امریکی اقدامات نے عالمی توانائی مارکیٹ میں سپلائی کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.20 ڈالر یعنی 2.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برینٹ کی قیمت 93.82 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 2.33 ڈالر اضافے کے بعد 88.16 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

دونوں اہم عالمی بینچ مارکس کی قیمتیں 24 جولائی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جبکہ مسلسل پانچویں سیشن میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران سے تیل کی برآمدات میں کمی اور آبنائے ہرمز میں سپلائی کے راستے سے متعلق خدشات عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایران سے تیل کی سپلائی میں نمایاں کمی آئی ہے اور چین سمیت بڑے خریدار متبادل ذرائع سے خام تیل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے عالمی منڈی میں سپلائی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں