امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) ایران کی متحرک میزائل داغنے کی صلاحیت کو مفلوج کرنے کے لیے مسلسل آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق امریکی فورسز جدید ترین نگرانی کے نظام کے ذریعے ایرانی لانچنگ پلیٹ فارمز کا پتہ لگا کر انہیں انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ بنا رہی ہیں۔
امریکی اخبار “وال اسٹریٹ جرنل” کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کا میزائل ذخیرہ بڑے پیمانے پر زیرِ زمین سرنگوں اور اڈوں میں چھپایا گیا ہے۔ تاہم امریکہ اور اسرائیل ان خفیہ مقامات سے بخوبی واقف ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فضائی نگرانی اور بروقت کارروائی: امریکی اور اسرائیلی ڈرونز اور جنگی طیارے ان زیرِ زمین اڈوں پر مستقل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جیسے ہی کوئی میزائل لانچر فائرنگ کے لیے سرنگ سے باہر نکالا جاتا ہے اسے فوری طور پر فضائی ضرب کے ذریعے تباہ کر دیا جاتا ہے۔
واشنگٹن نے اپنی کارروائیوں کا مرکز جنوبی ایران کے میزائل اڈوں کو بنا رکھا ہے، جبکہ اسرائیلی فضائیہ ملک کے شمالی اور مغربی حصوں میں موجود تنصیبات کی نگرانی اور انہیں نشانہ بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔
دوسری جانب ایک ایرانی اہلکار نے اخبار کو بتایا ہے کہ تہران اپنے تباہ شدہ لانچرز کو تیزی سے تبدیل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے وہ زیرِ زمین “میزائل شہر” جو کبھی اس کی طاقت کی علامت سمجھے جاتے تھے. اب مسلسل فضائی نگرانی اور جدید انٹیلی جنس کی وجہ سے تہران کے لیے ایک بڑا کمزور نقطہ بن کر ابھرے ہیں۔




