نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم کی ایمسٹرڈیم سے کوراساؤ جانے والی پرواز میں دورانِ پرواز پاور بینک پھٹنے سے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
رپورٹس کے مطابق کے ایل ایم کی پرواز KL735 کے بزنس کلاس کیبن میں ایک مسافر کا لیتھیم بیٹری والا پاور بینک چارجنگ کے دوران اچانک پھٹ گیا، جس سے آگ بھڑک اٹھی اور کیبن میں دھواں بھر گیا۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب طیارہ بحرِ اوقیانوس کے اوپر پرواز کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق پاور بینک کے ایل ایم کے سابق چیف ایگزیکٹو اور ڈچ وزیر کیمیل یورلنگز کا تھا، جو مبینہ طور پر پاور بینک کو چارجنگ پر لگا کر سو گئے تھے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق دورانِ پرواز پاور بینک کو اس طرح چارجنگ پر چھوڑنا حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
واقعے میں ایک مسافر کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں، جبکہ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کا رخ واپس ایمسٹرڈیم کی جانب موڑ دیا، جہاں اسے اسخیپول ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




