اسلام آباد:توہین عدالت کا سامنا کرنے والے سپریم کورٹ کے سابق ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو ریٹائرمنٹ کے بعد ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ تعینات کر دیا گیا۔سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نذر عباس 6 ماہ کے لیے کنٹریکٹ پر گریڈ 21 میں ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
نذر عباس چند روز قبل ریٹائر ہوگئے تھے اور اب انہیں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل ونگ تعینات کیا گیا ہے اور رجسٹرار آفس نے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ نذر عباس کو گزشتہ ماہ توہین عدالت کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا، جب سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس منصور علی شاہ نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران انہیں توہین عدالت کا نوٹس دیا تھا۔
بعد ازاں جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نوٹس واپس لے لیا تھا اور سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے بھی مقدمہ ختم کردیا تھا۔