لیونل میسی کے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے اسٹار کے درمیان عظمت کی بحث ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے۔
اس بحث میں برطانوی نشریاتی میزبان پیئرز مورگن نے کرسٹیانو رونالڈو کو لیونل میسی پر فوقیت دیتے ہوئے پرتگالی اسٹار کے بین الاقوامی ریکارڈ کو اپنی رائے کی بنیاد قرار دیا ہے۔
پیئرز مورگن کے مطابق میسی نے ارجنٹائن کی نمائندگی کرتے ہوئے 125 بین الاقوامی گول کیے، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے 146 گول کرچکے ہیں، جو بین الاقوامی فٹبال میں کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ گول ہیں۔
برطانوی میزبان نے سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک بین الاقوامی سطح پر زیادہ گول کرنا اس بات کا مضبوط ثبوت ہے کہ رونالڈو کو تاریخ کے عظیم ترین فٹبالر کی بحث میں میسی پر برتری حاصل ہے۔
تاہم پیئرز مورگن کے مؤقف پر میسی کے مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ صرف بین الاقوامی گولز کی بنیاد پر دونوں کھلاڑیوں کا موازنہ کرنا درست نہیں۔
میسی کے مداحوں نے ارجنٹائن کے عالمی کپ ٹائٹل، تین عالمی کپ فائنلز میں شرکت اور متعدد انفرادی اعزازات کا حوالہ دیتے ہوئے پیئرز مورگن کی رائے کو مسترد کردیا۔
یوں میسی اور رونالڈو کے درمیان ’عظیم ترین کھلاڑی‘ کی بحث ایک بار پھر فٹبال شائقین کے درمیان موضوعِ بحث بن گئی ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔



