اسپانٹک چوٹی سر کرنے والی خاتون کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق کی لاش مل گئی

اسپانٹک چوٹی سر کرنے والی خاتون کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق کی لاش سرچ آپریشن کے دوران مل گئی۔

ڈاکٹر اسما مشتاق 21 اگست کو اسپانٹک چوٹی کے کیمپ تھری میں بیماری کے باعث انتقال کرگئی تھیں، تاہم برف میں دب جانے کے باعث ان کی لاش کئی روز تک نہیں مل سکی تھی۔

ڈپٹی کمشنر شگر شیر افضل کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مقامی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے ڈاکٹر اسما مشتاق کی لاش تلاش کرلی، جس کے بعد لاش کو بیس کیمپ منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بلند پہاڑی علاقوں میں شام سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، تاہم سرچ ٹیم لاش کے ہمراہ کیمپ ٹو تک پہنچ چکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق موسم نے اجازت دی اور برفباری کے باعث مزید رکاوٹ پیش نہ آئی تو ٹیم کل بیس کیمپ پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ اسپانٹک چوٹی گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں واقع ہے اور سطح سمندر سے اس کی بلندی 7 ہزار 27 میٹر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں