لاہور : چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ و زیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،نوجوان ہمارا مستقبل ہیں،دنیا سے مقابلہ کرنے کیلئے طلبہ کو ریسرچ پر توجہ دینا ہوگی.
حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز آئی وی وائی کالج آف مینجمنٹ سائنسز میں حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر فیکلٹی ممبرز، ملازمین،طلبہ و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل اور قومی اثاثہ ہیں، ملک کی تقدیر ان ہی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ۔
انہوں نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کو اپنے مستقبل کے حوالے سے ٹھوس حکمت عملی اپنانی چاہیے کیونکہ آپ لوگ اس قوم کا مستقبل ہیں اور آنے والے وقت کے لیڈر ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے تحت حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے.
وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نیشنل یوتھ کونسل قائم کی گئی ہے تا کہ نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کئے جاسکیں،ہمیشہ سے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کا کام کرتا رہا ہوں.
پاکستان کی پہلی یوتھ پالیسی میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کو شامل کیا گیا،اسی طرح آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے وزیر اعظم یوتھ پورٹل بنایا گیا ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی مہیا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو روایتی تعلیم سے ہٹ کر ریسرچ اور تحقیق کو اپنانا ہو گا،تمام تر چیلنجز کے باوجود ریسرچ سینٹر قائم کئے گئے ہیں تا کہ مسائل کا حل نکالا جائے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) جب بھی اقتدار میں آئی ملک میں عوامی منصوبے کا جال بچھایا ، الحمدللہ آج حکومتی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہو چکی ہے،سٹاک ایکسچینج میں نئے نئے ریکارڈ قائم ہو رہی ہے،مہنگائی میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے،غیر ملکی سرمایہ کاری دوبارہ پاکستان آ رہی ہے.
،مایوسی کے بادل چھٹے چکے ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔قبل ازیں انہوں نے ادارے کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منتخب باڈی ادارے کی بہتری کے لیے اپنی پوری کوشش کرے گی۔