بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردانہ حملے میں 9 شہریوں کی شہادت اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج خارجیوں نے افطار کے وقت جب بنوں بازار میں رش تھا، بارود سے بھری دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، اس بزدلانہ حملے میں 9 شہریوں کی شہادت اور 16 کے زخمی ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی بر وقت کاروائی سے بنوں کینٹ کے باہر گھبراہٹ میں دہشت گردوں نے دو بارود سے لدی ہوئی گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں، جس سے قریبی گھر کے منہدم ہونے سے معصوم شہریوں کی شہادتوں اور ان کے زخمی ہوئے جبکہ ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ خوارج کومختلف انٹری پوائنٹس پر موجود چوکس سکیورٹی عملے نے ہلاک کردیا جبکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خارجیوں کا ماہ رمضان میں افطار کے وقت معصوم شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان خارجیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام خارجیوں کا صفایا کرنے تک فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔