مرکز میں جہازی سائز کابینہ ابتر معاشی حالات سے بد حال عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے:مسرت جمشید چیمہ

لاہور: 02مارچ 2025،پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مرکز میں جہازی سائز کابینہ ابتر معاشی حالات سے بد حال عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے .

ایک طرف سرکاری محکموں کو بند کرنے ،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں کٹوتی کا ڈھنڈورا پیٹا جارہا ہے اور دوسری جانب دھاندلی زندہ حکومت کو بچانے کیلئے وزارتوں کی بندر بانٹ کی جارہی ہے ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اورپیپلز پارٹی کی حکومتوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ، انہوںنے ہر دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ملک کی خوشحالی کے نعرے لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ، دونوں جماعتوں کی قیادت وژن سے عاری ہے ،

یہ دھونس اور دھاندلی سے نظام چلارہے ہیں جس سے ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم بہترین اصلاحات متعارف کرائیں جس سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا ، روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ، زر مبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچے ،موجودہ حکمرانوں نے عمران خان کے بغض میں ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ۔

ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب دوبارہ ملک میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئے گی اور ملک حقیقی ترقی کی منازل طے کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں