کراچی :آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 321 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔
میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور 73 رنز پر نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، ڈیون کونوے اور ڈیرل مچل 10، 10 جبکہ کین ولیمسن ایک رن بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔
چوتھی وکٹ پر ول ینگ اور ٹام لیتھم کے درمیان 118 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کے بعد ول ینگ 107 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
ول ینگ کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹام لیتھم اور گلین فلپس کے درمیان بھی 125 رنز کی لمبی شراکت داری قائم ہوئی۔ گلین فلپس 49.4 اوورز پر 61 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے دو، دو، ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی مہمان ٹیم کیخلاف بہتر کھیل پیش کریں اور جیت کیساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کریں۔
اس موقع پر نیوزی لیںڈ کے کپتان مچل سینٹنز نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے پُر امید ہیں، کوشش ہوگی میزبان پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ رکھیں اور پریشر میں لائیں۔