لاہور:سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام محکموں کو آئندہ مالی سال کے پی سی ون منصوبے جون تک مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں تمام محکموں کو بروقت منصوبہ بندی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کی ترقی کے لیے 40 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مکمل بجٹ کی فوری فراہمی کی ہدایت دی ہے۔
اجلاس میں منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویری فیکیشن کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ کے شروع کردہ منصوبوں کی رفتار، فنڈز کے استعمال، شفافیت، معیار اور پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
صحت کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں، جن میں 1250 بنیادی اور دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی، 1200 ڈسپینسریوں کا قیام عمل میں آیا، اور محکمہ صحت کے 432 منصوبے مکمل کر دیے گئے، جبکہ دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا۔رہائشی منصوبوں میں ”اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت چار ماہ میں 80 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں اور اسکیم کے تحت ریکارڈ قرضے جاری کیے گئے۔
زرعی ترقی کے لیے کسان کارڈ کے ذریعے 50 ارب روپے جاری کیے گئے، جن سے کسانوں نے ٹریکٹرز خریدے۔ ٹیوب ویل اسکیم کے تحت 9.5 ارب روپے مختص کیے گئے، جن میں سے اب تک 2.5 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 6 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔ مریم نواز شریف پنجاب کی پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے زراعت کے ترقیاتی بجٹ میں 300 فیصد تاریخی اضافہ کیا۔
دیگر ترقیاتی منصوبوں میں محکمہ آثار قدیمہ کی 5 اسکیمیں مارچ میں مکمل ہونے جا رہی ہیں، جبکہ یکم نومبر سے 10 فروری تک 32 ایمبریلا منصوبوں کی نگرانی مکمل کر لی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق ترقیاتی بجٹ 882 ارب روپے رکھا گیا تھا، جو اضافے کے ساتھ 1048 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔
اب تک 693 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 401 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ 547 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے، جن میں وزیراعلیٰ کے 81 خصوصی منصوبے، 815 عمومی منصوبے اور ضلعی سطح پر 3,007 اسکیمیں شامل ہیں۔ 347 منصوبوں کے معائنے مکمل ہو چکے ہیں، اور وزیراعلیٰ کے منصوبوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
۔ اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے چیئرمین نبیل احمد اعوان سمیت تمام صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی اور پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی.