اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی اور شرحِ سود میں کمی کے لیے اہم فیصلے کیے۔ غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 سے 5 سال برآمدات 30 ارب سے 60 ارب ڈالرز تک لے جانا چاہتے ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 سے 14 ماہ میں معیشت کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت ہوئی، زرِمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا، نجکاری کے عمل کو مزید تیز کریں گے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے، سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ رائٹ سائزنگ سے حکومتی اخراجات میں واضح کمی آئے گی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مالیاتی خسارہ سرپ لس میں آیا، حکومتی اخراجات میں کمی کر کے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تجارت کے فروغ میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے، خطے میں پاکستان کی تجارتی شراکت بڑھانا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطے میں تجارت کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔