کراچی:وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وفاق میں وزیر اعظم شہباز شریف اور پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز شریف مثالی کام کر رہے ہیں،پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ملک کی حفاظت کیلئے غیر متزلزل عزم پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
اتوار کوسندھ کے کارکنوں اور قیادت سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجنیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفادات کی خاطر اپنی ر سیاست قربان کر کے نواز شریف اور شہباز شریف نے ثابت کیا کہ وہ محب وطن ہیں، دلیر ہیں اور عوام کے مفاد کے لئے ہر قربانی دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کو معاشی ڈیفالٹ سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی محنت اور کار کردگی دیکھ کر دیگر صوبوں کے عوام دعائیں کر رہے ہیں کہ کاش ایسا وزیر اعلی انہیں بھی مل جائے۔انجینیرامیر مقام نے کہا کہ ہمیں اپنی سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطوط لکھ کر پاکستان کی معاشی مدد بند کرانے کی کوشش کرنے والا آج خود اڈیالہ جیل میں بند ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کے گھروں پر حملے کرانے والے کے لیڈر آج خود ایک دوسرے کو مکے اور تھپڑ مارہے ہیں،
پی ٹی آئی والے اب خط کے جواب کو ترستے ہی رہیں گے، خط کی سیاست بھی ان کے احتجاج کی طرح ناکام ہوگئی ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جلو پنکی پیرنی خیبر پختون خوا میں فرح گوگی وزیر اعلی چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کا خطوط والا ہی حال ہوگا۔
انجینئر امیر مقام نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے نہ کوئی تنخواہ لی بلکہ کروڑوں روپے کے غیر ملکی تحفے اور گاڑی تو شہ خانے میں جمع کرادی۔اس سے پہلے کمشنریٹ افغان مہاجرین سندھ، کراچی میں افغان مہاجرین اور پاکستان برادری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے کہا کہ واضح کر دوں کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، آج دنیا میں پناہ گزینوں سے متعلق پالیسیوں میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، حالیہ دنوں میں ملک میں غیر دستاویزی افراد کے خلاف ایک مہم جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صرف اور صرف سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اٹھایا گیاہے،حکومت قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے مہاجرین کو ہر ممکن مدد اور تحفظ فراہم کرے گی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان تمام مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کے ساتھ کھڑا ہےتاہم بین الاقوامی برادری کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان مہاجرین کی تیسرے ملک میں دوبارہ آبادکاری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ان میزبان برادریوں کی مدد کی جائے جنہوں نے کئی دہائیوں سے مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے اور مہاجرین کے لیے دیرپا حل تلاش کرے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر امن، استحکام اور ایک باوقار مستقبل کے لیے کام کرنا ہوگا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزارت سیفران مہاجرین کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنا رہی ہے چاہے وہ کیمیوں میں ہوں یا ان سے باہر، مہاجرین کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی حاصل ہے۔