غزہ: حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ایک بار پھر تل ابیب پر بڑی تعداد میں راکٹ برسا دیے۔
القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے معصوم فلیسطینی شہریوں کے قتل عام کے جواب میں تل ابیب پر ایک بڑا حملہ کیا ہے، راکٹ حملوں کے بعد تل ابیب سمیت 50 سے زائد شہروں اور قصبوں میں سائرن گونج اٹھے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں کم از کم 10 راکٹوں کو روکا گیا جبکہ مقامی میڈیا نے راکٹ حملوں کی وجہ سے ایک شخص کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے، ایک گھر اور گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ حملہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح سے کیا گیا جہاں اسرائیلی فوج کا وسیع آپریشن جاری ہے۔ اس حملے نے اُن اسرائیلی دعووں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے جس میں اُس نے کہا تھا کہ اس نے حماس کے جنگجوؤں سے علاقہ خالی کرالیا ہے۔ واضح رہے کہ تقریباً چار مہینوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ حماس نے تل ابیب پر حملہ کیا ہے، جنوری میں آخری بار حملہ ہونے کے بعد سے تل ابیب کچھ حد تک معمول پر آ گیا تھا۔