اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کو سخت لہجے میں مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے اور ہمارے دشمنوں کا حلیف نہ بنے۔
خواجہ آصف نے کابل میں ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ درخواست کی کہ دشمنوں کی اعانت نہ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیاکہ آپ ہمارے دشمنوں کو بے شک اپنے گھروں میں بسائیں، لیکن ان کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف دشمن کا کردار ادا نہ کریں۔”
وزیر دفاع نے افغان قیادت پر گلہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے گلی محلوں کو خون سے رنگین کرنے والے قاتلوں کو افغانستان میں پناہ ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کابل مذاکرات کے دوران افغان حکام نے رقم کا مطالبہ کیا تھ.
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آپ نے رقم مانگی، ہم وہ بھی دینے کو تیار تھے لیکن اس بات کی کوئی ضمانت نہیں تھی کہ دہشت گردی رک جائے گی۔”
خواجہ آصف نے سراج الدین حقانی کو ان کے نام کی نسبت سے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ “حقانی” ایک عظیم بزرگ کی نسبت ہے، اس نام کی لاج رکھنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دین، ثقافت اور روایت ہمیں یہی سکھاتی ہے کہ جس گھر میں پناہ لی جائے، اس کی خیر مانگی جاتی ہے۔افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔




