پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے کرکٹ شائقین کا انتظار ختم ہوا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے میزبانی پشاور کے سپرد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ سنسنی خیز مقابلے 5 مارچ سے 16 مارچ تک پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کی خاص بات تمام میچز کا فلڈ لائٹس میں منعقد ہونا ہے۔
روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ شام 7:00 بجے شروع ہوگاجبکہ دوسرا میچ رات 11:30 بجے شروع ہوگا۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 15 مارچ کو ہوں گے، جبکہ ٹائٹل کے لیے فائنل جنگ 16 مارچ کو لڑی جائے گی۔
پشاور کے لیے خوشی کی خبر صرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی تک محدود نہیں، بلکہ پی سی بی نے اس ایونٹ کے فوری بعد پاکستان سپر لیگ (PSL) کے دو اہم میچز کی میزبانی بھی پشاور کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے شہر میں بین الاقوامی معیار کی کرکٹ کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں گی۔




