مہنگائی کی رفتار میں کمی کا آنا معاشی بہتری کا اشارہ ہے،محمد نواز شریف

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی- گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے-

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں ترقیاتی عمل اور عوام کی خدمت کے منصوبوں پر غور کیاگیا – محمد نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی کی رفتار میں کمی کا آنا معاشی بہتری کا اشارہ ہے-سٹاک ایکسچینج کی بلندی کاروباری اور سرمایہ کار برادری کے اعتماد کی جھلک ہے-

ترقی کی طرف سفر کی رفتار کا بڑھنا خوشگوار تبدیلی کی آمد کی علامت ہے-پاکستان کو جس پستی کی طرف دھکیل دیاگیا تھا اس میں ٹھہراؤ آنا خوش آئند ہے- محمد نوازشریف نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف وفاق میں بڑی محنت سے کام کررہے ہیں، اللہ تعالی کا فضل ہورہا ہے-

مریم نوازشریف وزیراعلی سے بڑھ کر پنجاب میں ایک ماں اور بیٹی کے جذبے سے کام کررہی ہے-اللہ تعالی بھی اُن کا ہاتھ پکڑتا ہے جو نیک نیتی اور محنت سے اُس کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں -ارکان اسمبلی نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر وزیراعلی مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیاہے-

ارکان پنجاب اسمبلی نے اس موقع گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ”میاں صاحب“ آپ مریم نوازجیسی بہادر اور لائق بیٹی پر جتنا فخرکریں کم ہے-ارکان پنجاب اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ الحمدللہ، میاں نوازشریف کا نام لگا ہے تو برکت ہی برکت ہے-

اجلاس میں قومی اور صوبائی سطح پرمعاشی ترقی، عوامی فلاح کے منصوبوں سمیت دیگر شعبوں میں مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی-پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیردفاع خواجہ محمد آصف، سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اجلاس میں موجود تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں