190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل، نیب نے عمران خان کو طلب کرلیا

اسلام آباد: نیب راولپنڈی نے عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل (القادر ٹرسٹ کیس) میں 18 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا جبکہ انہیں ایک سوال نامہ بھی بھیجا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو عدالت نے حکم دیا ہوا ہے کہ جب نیب طلب کرے وہ پیش ہوں گے اور تفتیش میں تعاون کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نیب نے القادر ٹرسٹ میں 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اُن کے حامیوں نے ملک بھر میں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے کر رہا کر کے ایک روز کیلیے اپنا مہمان بنایا اور پھر انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی القادر ٹرسٹ سمیت تمام مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں گرفتاری سے روک دیا تھا۔