زمان پارک آپریشن روکنے کے عدالتی حکم میں کل تک توسیع

zaman park

لاہور ہائی کورٹ نے زمان پارک میں آپریشن روکنے کے حکم میں کل تک توسیع کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کیلئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔

فواد چودھری کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

عدالت نے فواد چوہدری کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار کدھر ہیں 10 بجے کا ٹائم تھا یہ آپکی سنجیدگی ہے کہ درخواست گزار عدالت میں نہیں ہے۔

وکیل فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں فیصلہ محفوظ ہے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکشن 76 پڑھیں یہ تو کوئی معاملہ ہے ہی نہیں.

جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ اس لیے ہے کہ کوئی قانون نہیں پڑھتا بس باتیں کرتے ہیں ۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ ہر چیز کا حل قانون اور آئین میں موجود ہے ۔فریقین نے پورے سسٹم کو جام کیا ہوا ہے ۔ کبھی آپ اس عدالت میں آتے ہیں کبھی آپ اسلام آباد ہائیکورٹ جاتے ہیں۔

فواد چوہدری کے وکیل موقف اختیار کیا کہ یہ سیاسی معاملہ بن چکا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ آپ دونوں پارٹیوں نے ہی بنایا ہے بس قانون کو فالو کرنے کی ضرورت ہے۔ ساری قوم کو مصیبت ڈالی ہوئی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا گیا ہے ۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میں نے وارنٹ کے معاملے کو ٹچ نہیں کیا لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے وارنٹس پر عملدرآمد نہیں روکا ۔

عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔