پاکستان نے معاشی استحکام کے لیے بینک آف چائنہ سے مدد مانگ لی

اسلام آباد: پاکستان نے معاشی استحکام کیلیے بینک آف چائنہ سے تعاون مانگ لیا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت میکرو اکنامک استحکام کو واپس لانے کے لیے مضبوطی سے پُرعزم ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام لانے کیلئے صدر بینک آف چائنہ سے تعاون طلب کرلیا ہے اور صدر بینک آف چائنہ سے کہا ہے کہ اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو وسعت دی جائے، وزیر خزانہ نے صدر بینک آف چائنہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ میں بینک آف چائنہ کے صدر مسٹر لیو جن سے ورچوئل ملاقات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   پاکستانی اور چینی کمپنیوں کا خوراک کے شعبہ میں شراکت داری کے منصوبہ کے لئے 42 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بینک آف چائنہ کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ ہی بہت خوشی کی بات ہے اور پاکستان بینک کے ساتھ اچھے مالی معاملات سے مستفید ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین پر بھی روشنی ڈالی اور چینی قیادت کی جانب سے گرمجوشی کے اظہار کے حوالے سے بات کی۔

یہ بھی پڑھیں:   طالبان وفد چین پہنچ گیا

انہوں نے صدر بینک آف چائنہ کو موجودہ حکومت کو وراثت میں ملنے والے مالیاتی اور مالیاتی حالات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ موجودہ حکومت میکرو اکنامک استحکام کو واپس لانے کے لیے مضبوطی سے پُرعزم ہے۔

وزیر خزانہ نے بینک آف چائنہ سے تعاون طلب کیا اور صدر سے کہا کہ اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو وسعت دی جائے۔

صدر بینک آف چائنہ نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دوطرفہ تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور ملک میں عوام کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں:   پاکستان کا بیرونی قرضہ 122 ارب ڈالر سے زائد ہونے کا انکشاف

انہوں نے مشکل وقت میں چین کی حمایت میں پاکستان کے تعاون کا بھی اعتراف کیا اور حکومت پاکستان کی جانب سے سی پیک کے مختلف چینی منصوبوں پر فراہم کی جانے والی جاری سہولتوں کو بھی سراہا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر بینک آف چائنہ کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور انہیں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے میں موجودہ حکومت کی طرف سے بھی اسی طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔