وزیراعظم نے گوادر کے ماہی گیروں کے احتجاج کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گوادر کے ماہی گیروں کے مطالبات اور احتجاج پر نوٹس لے لیا۔

گوادر میں ماہی گیروں کی جانب سے گزشتہ کئی دنوں سے بلوچستان کو حق دو کے نام سے تحریک جاری ہے، مظاہروں کی قیادت مولانا ہدایت الرحمان کررہے ہیں، تاہم اب ان کا احتجاج رنگ لے آیا ہے، کیوں کہ وزیراعظم عمران خان نے ماہی گیروں کے مطالبات اور احتجاج پر نوٹس لے لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   وفاقی کابینہ نے 11نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے گوادر کے محنتی ماہی گیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لیا ہے، ٹرالروں سے غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف سخت ایکشن لیں گے، اور اس معاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی بات کروں گا۔