عمران خان جادو ٹونے سے ملک چلا رہے ہیں، مریم نواز

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب نے میری ضمانت کینسل کرانےکے درخواست دی ہے، درخواست پڑھنے پر مجھے لگا کہ بچے ڈررہےہیں، میں اپنے اس محسن کو نیب میں دیکھنا چاہتی ہوں جس نے میرے خلاف درخواست دی اور کہا کہ مریم ایسے عدالت آتی ایسے جاتی ایسے کھاتی پیتی ہیں، ایسے درخواست دینے والے سپرانٹیلی جنٹ کو22 توپوں کی سلامی ملنی چاہئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سچ کو کچھ دیرتک طاقت سے دبا توسکتے ایک روز سامنے آنا ہوتا ہے، میں جعلی کیسز اور گرفتاری سے نہیں ڈرتی، آپ مجھے گرفتار کریں تاکہ دنیا کو پتہ چلے آپ سچ سے کتنا ڈرتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ایک منتخب وزیر اعظم کو آئین جو حق دیتا ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں، لیکن عمران خان نہ آئینی، نہ ہی قانونی اور نہ منتخب وزیر اعظم ہیں، بلکہ قابض وزیراعظم ہیں، وہ جادو ٹونے سے 22 کروڑعوام کا ملک چلارہے ہیں، وزیراعظم آئین کی بجائے جادو ٹونہ اور حساب کتاب سے ملک چلا رہے ہیں، جب ملک کی اہم تقرریاں جادوٹونے اور جنات کرتے ہوں تو پھر اس ملک کےاداروں کا تماشا ہی بنے گا، سمجھ نہیں آتا کہ اگر ان کا جنتر منتر کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کیلئے استعمال کیوں نہیں ہوتا، جنترمنترسےآٹاپٹرول ادویات سستی کیوں نہیں ہوتیں، وہ صرف اہم تقرریوں کیلئے کیوں استعمال ہوتا ہے، کیوں کہ نئی تقرری ملک کا نہیں اپنی ذات کو بچانے کا مسئلہ ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگئی ہے تو میں آپ کو بتا دوں کہ آپ کو نواز شریف بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، کیوں کہ شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے کیلئے آپکو جیلیں برداشت کرنی اور اٹک قلعہ میں جانا پڑتا ہے، عمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں ان کا سیاسی تشخص اور پہچان کیا ہے، ان کا سیاسی تعرف منتخب حکومت کیخلاف سازش کرنا، 126 دن کا دھرنا دینا اور عوام کا مینڈیٹ چھیننا ہے، ان کا جمہوریت اور جمہوری جدوجہد سے کوئی واسطہ نہیں، آپ کوعوام کے ووٹ کو کچلنے کا جواب دینا ہوگا، پاکستان کو تاریخی قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کاجواب دینا پڑے گا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب کہتی ہے میں یہاں آکر سلام کیوں کرتی ہوں، سوال آپ کرتے ہیں اور نیب میرے بارے کہتی ہے ضمانت منسوخ کردیں، ضمانت منسوخی کی پٹیشن پر ججز بتائیں گے کہ اس پر کیا کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں