عمران خان مافیا کی سرپرستی کرتے ہوئے این آر او دیں گے، (ن) لیگ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے پینڈورا پیپرز کی تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔

وزیراعظم کی جانب سے ‏پینڈورا لیکس کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کا سیل قائم کرنے کے فیصلے پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم کے ساتھ ایک اور بھونڈا مذاق کیا گیا ہے، آف شور کمپنیوں کے مالک عمران خان مافیاز اور چوروں کی رکھوالی کرتے آئے ہیں، وہ آٹا، چینی، قرض، بجلی، گیس، پیٹرول، دوائی اور رنگ روڈ سمیت لاتعداد کمیشن بنانے اور نام نہاد تحقیقات کرانے کے بعد آف شور‘ وزیروں اور مشیروں کو این آر او دیتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے پینڈورا پیپرز کی تحقیقات نہیں ہو سکتیں، یہ کرپشن پکڑنے نہیں بلکہ آف شور کابینہ اور کرپٹ مافیا کو بچانے کا ہتھکنڈا ہے۔ عمران خان سرپرستی کرتے ہوئے مافیا کو ایک اور این آر او دیں گے۔ اگر اے ٹی ایم پکڑے گئے تو عمران خان کا کیا ہوگا، وہ پہلے استعفیٰ دیں پھرتحقیقات کا ڈرامہ کریں۔