عمر شریف علاج کیلئے امریکہ روانہ

کراچی: عمر شریف علاج کے لئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے براستہ جرمنی امریکا روانہ ہوگئے۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر بھی ایئر ایمبولینس میں ان کے ساتھ سفر کررہی ہیں۔

عمر شریف کی روانگی سے قبل ڈاکٹرز کی ٹیم نے ایئر ایمبولینس میں ان کا طبی معائنہ کیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے ضروری سفری کارروائی مکمل کی گئی۔ جب کہ سی اے اے کی جانب سے ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے انتظامات مکمل کئے۔

یہ بھی پڑھیں:   مقدس شخصیات کی توہین روکنے کیلئے موثر قانون سازی کیجائے، علمائے کرام

اس سے قبل عمر شریف کو آغا خان ہسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ روانہ کیا گیا تھا۔ روانگی سے قبل عمر شریف کی اہلیہ زرین عمرنے کہا تھا ہائی رسک فلائٹ ہے دعا کریں سب ٹھیک رہے۔ خیال رہے ایئرایمبولینس گزشتہ روز عمرشریف کو لینے کراچی پہنچی تھی۔

ذرائع کے مطابق امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہرڈاکٹراورپاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہرڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمرشریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں اوروہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   پی ٹی وی کرپشن کیس: ڈاکٹر شاہد مسعود پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگـ‘ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔