مقبوضہ کشمیر، ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی فوج کے 2 میجرز ہلاک

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے اودھم پور میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران دونوں پائلٹس دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:   امریکہ انتخابات، جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹ لیکر ٹرمپ سے آگے

ترجمان بھارتی فوج نے بتایا کہ زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہونے والے پائلٹس میجر رینک کے افسران تھے جن کی شناخت میجر روہت کمار اور میجر انوج راجپوت کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

ترجمان بھارتی فوج کا مزید کہنا تھا کہ آج صبح مقبوضہ کشمیر کے ضلع اودھم پور میں حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر تربیتی مشق پر مامور تھا۔ حادثہ ممکنہ طور پر دھند کی وجہ سے پیش آیا ہے تاہم حتمی بات انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ہی کہی جا سکتی ہے۔