طالبان نے امریکی فوج کے 2 ہیلی کاپٹرز کو تباہ کردیا

قندوز: کابل حکومت کی تردید کے جواب میں طالبان نے صوبے قندوز میں امریکا کی جانب سے افغان فضائیہ کو دیئے گئے دو ہیلی کاپٹرز کو تباہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی۔

افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے عمل کا تیزی سے جاری ہے اور اسی دوران طالبان نے پیش قدمی کرتے ہوئے اہم سرحدوں، تجارتی راہداریوں اور سیکیورٹی چیک پوسٹوں کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

طالبان نے صوبے قندوز میں ایک ایئرپورٹ پر حملہ کرکے امریکی فوج کی جانب سے افغان فضائیہ کو فراہم کیئے دو ہیلی کاپٹرز ’’یو ایچ-60 بلیک ہاک‘‘ کو تباہ کردیا تاہم کابل حکومت نے اس حملے کی تردید کی تھی جس پر ترجمان طالبان ذبیح اللہ نے ہیلی کاپٹرز تباہ ہونے کی ویڈیو جاری کردی۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دشمنوں نے ہیلی کاپٹرز تباہ کرنے کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا تھا ایسے لوگوں کے لیے ایئرپورٹ پر تباہی کے مناظر کی ویڈیو حاضر ہے۔

دوسری جانب طالبان ترجمان کی جانب سے افغانستان میں سرگرم طالبان جنگجوؤں کے ترجمان ڈاکٹر نعیم کا بیان بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں اُن جھوٹی افواہوں، تصاویر اور ویڈیوز کی تردید کی گئی ہے جس میں طالبان کو حملہ آور بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ڈاکٹر نعیم کا کہنا تھا کہ ایسی تمام ویڈیوز اور تصاویر کا مقصد ملک میں طالبان سے متعلق خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مطمئن رہیں۔