بھارتی دہشت گردی کا دوسرا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے بعد ملک میں بھارتی دہشت گردی کا دوسرا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کردیا۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں لاہور دھماکے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو سراہا گیا ہے، تحقیقاتی اداروں نے بھارت کی دہشت گردی بے نقاب کی، کلبھوشن کے بعد دوسرا بڑا دہشتگردی کا نیٹ ورک پکڑا ہے، بلوچستان میں دہشت گردوں کانیٹ ورک توڑنے میں کامیابی ملی ہے جس کی تفصیل جلد منظر عام پر لائیں گے، امید ہے بھارتی نیٹ ورک پکڑے جانے سے بلوچستان میں امن آئے گا ، وزیراعظم نے ناراض بلوچوں سے مذاکرات کا کہا ہے، ناراض بلوچ عسکریت پسندوں سے بات چیت شروع کردی ، ایسے ناراض بلوچ جو بھارت سے رابطے میں نہیں تھے ان سے بات کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:   اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ معذور افراد کے سفر کے حوالے سے بہتری لائی جائے گی۔ امتحانات میں شفافیت لانے کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے، حکومت کی کوشش ہے طلبہ کے امتحانات شفاف ہوں، ملک بھر میں گرین ایریا کے بچاؤ کے لئے پلان بنارہے ہیں،وفاقی وزراء اور وزیر مملکت کے پروٹوکول کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم کو شکایت ملی ہے کہ وزراء زائد پروٹوکول استعمال کررہے ہیں، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پروٹوکول میں کمی لائی جائے، تحریک انصاف حکومت پروٹوکول کلچر کے خلاف ہے، وزیر اعظم نے فلیگ ایکٹ پر عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔