ایف بی آرکی نیلام کی گئیں 481 لگژری گاڑیاں غائب

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی جانب سے گزشتہ پانچ سال کے دوران دو ہزار سی سی سے زائد کی نیلامی کی گئی 819 نان ڈیوٹی پیڈ و اسمگل شدہ لگژری گاڑیوں میں سے 481 لگژری گاڑیوں کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ملک میں کسٹمز حکام اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات و کاغذات کی بنیاد پر بڑی تعداد میں اسمگل شدہ اور نان ڈیوٹی پیڈ لینڈ کروزرز، بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز سمیت دوسری لگژری گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے اور بڑی تعداد میں گاڑیوں کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر جعلی کاغذات پر رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیاں بااثر لوگوں کے زیر استعمال ہیں، وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے لگژری گاڑیوں کی جعلی دستاویز پر رجسٹریشن کی تحقیقات شروع کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جعلی کاغذات پر نان ڈیوٹی پیڈ و اسمگل شدہ لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو معاملے کی تفصیلی چھان بین کرکے 31 جولائی 2021 تک رپورٹ جمع کروانے کی ہدایات جاری کر رکھی تھی، جس پر ایف بی آر نے اپنی ابتدائی رپورٹ وفاقی ٹیکس محتسب کو ارسال کردی ہے، جس میں موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹیز کی جانب سے تعاون نہ کرنے بارے وفاقی ٹیکس محتسب کو آگاہ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ بار بار ریکارڈ مانگنے کے باوجود متعدد موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹیز ریکارڈ فراہم کرنے سے ہچکچا رہی ہیں۔