بھارتی ادارے پاکستان کا امن تباہ کرناچاہتے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں استحکام ہوگا، افغانستان میں امن پاکستان کی خواہش ہے، افغانستان کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ، افغان اپنی قیادت خود منتخب کریں ہمیں قبول ہو گا، افغان بارڈر پر بہت جلد باڑ لگانے کا کام مکمل ہوجائے گا، چمن بارڈر الیکٹرانک انٹری نظام سے منسلک کررہے ہیں، افواج پاکستان اپنہ ذمہ داریوں کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،

یہ بھی پڑھیں:   ن لیگ کو اپنی پالیسیوں کی وجہ سے نقصان پہنچا، شیخ رشید

وزیرداخلہ نے کہا کہ وزارت نے تمام معاملات پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، کراچی میں30 افراد تھے جوغلط شناختی کارڈ جاری کرتے تھے، نادرا سے 19 افراد کو نکالا گیا ہے، ایف آئی اے میں نوکریوں کے لیے 12لاکھ افراد نے درخواستیں دی ہیں، کابینہ کےاگلےاجلاس میں ٹی ایل پی کےمتعلق فیصلہ ہوگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹھس ہوگئی ہے اور اس کی سیاست ختم ہے، پہلے کہا تھا کہ مریم اور شہباز الگ الگ ہیں، ان دونوں کی سیاست میں فرق آئے گا، ملک میں تاریخ رقم ہوگی، ایک کوویڈ والا اور ایک بغیر کوویڈ والا دو گریجویٹ ہوں گے، لاہور دھماکے سے متعلق پنجاب پولیس نے بہترین کارکردگی دکھائی، سیکیورٹی ایجنسیوں کو سلیوٹ کرنے اور پولیس کےکردار کی تعریف کرنے کی بجائے اپوزیشن والے اس میں بھی کیڑے نکال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   الیکشن کمیشن نے مسلم لیگی رہنما کو تاحیات نا اہل قرار دے دیا

وزیرداخلہ نے کہا کہ بھارت نے آج تک دل سے ہمیں قبول نہیں کیا، را اور دیگر بھارتی ادارے پاکستان کا امن تباہ کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں، جوہرٹاؤن دھماکے میں بھی بھارت ملوث ہے، کراچی میں بھی ہم نے ایک دہشت گرد گروہ کو گرفتار کیا ہے، لیکن ساری قوم ملکی سلامتی کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔