بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گیا

اسلام آباد: بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار میگاواٹ اور طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے۔

پاور ڈویژن ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار میگاواٹ ہے جب کہ بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے اور بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ کی سطح پر برقرارہے۔ جس کے بعد مستثنیٰ قرار دیئے جانے والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   کے الیکٹرک کو ممبئی سے کنٹرول کیا جا رہا ہے، چیف جسٹس

ذرائع کا کہنا ہے کہ پن بجلی ذرائع سے 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹ 2 ہزار میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 13 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں کی طرح راولپنڈی اسلام میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، اسلام آباد میں ہر 4 گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند اور راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں میں ہر 2 گھنٹے بعد بجلی بند کی جارہی ہے۔ آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کررہے ہیں کہ اسپتالوں کو بھی بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہے، تاہم اسپتال انتظامیہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل بندوبست بھی رکھیں۔