مختلف 200 دوائیں کورونا وائرس کا علاج کرسکتی ہیں

کیمبرج: برطانوی سائنسدانوں نے مختلف بیماریوں کی ایسی 200 منظور شدہ دوائیں شناخت کرلی ہیں جنہیں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری ’’کووِڈ 19‘‘ کا علاج بھی کرسکتی ہیں۔

ان میں سے 40 ادویہ پہلے ہی کووِڈ 19 کے خلاف آزمائش کے مرحلے پر ہیں جبکہ 160 دوائیں پہلی بار کورونا وائرس کے ممکنہ علاج کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

ماہرین نے یہ دریافت ’’کمپیوٹیشنل بائیالوجی‘‘ اور ’’مصنوعی ذہانت‘‘ سے ایک ساتھ استفادہ کرتے ہوئے کی ہے۔ واضح رہے کہ کمپیوٹیشنل بائیالوجی (حسابی حیاتیات) میں کمپیوٹر سائنس کے مختلف طریقے اور تکنیکیں استعمال کرتے ہوئے حیاتیات اور طب کے میدانوں میں تحقیق کی جاتی ہے۔

عملی نقطہ نگاہ سے جب ان میں سے بھی مؤثر ترین ادویہ تلاش کی گئیں تو کمپیوٹرائزڈ ماڈل میں دو ’’بہترین امیدوار‘‘ دوائیں سامنے آئیں جن میں سے ایک ملیریا کی اور دوسری گٹھیا کی دوا ہے۔ اگرچہ موجودہ/ دستیاب دواؤں سے کووِڈ 19 کے علاج پر مرکوز ہے لیکن مستقبل میں دوسری بیماریوں کے بہتر، کم خرچ اور مؤثر علاج کی تلاش میں بھی استعمال کی جاسکے گی۔