لاہور دھماکہ، را کے ملوث ہونے کے ثبوت مل گئے

اسلام آباد: لاہور دھماکے میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی اور بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس سے دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور دھماکے میں بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں را اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کے انکشاف نے ایک بار پھر مذموم عزائم کا سراغ لگا لیا جس سے بھارت کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آگئے۔ ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ را اور این ڈی ایس کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کر کے ملک میں قائم امن اور آشتی کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پاکستا ن ایک عرصے سے اس حوالے سے عالمی قوتوں کے سامنے سوالات اُٹھاتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   لنڈی کوتل میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز نے اس حوالے سے بار ہا ثبوت دُنیا کے سامنے رکھے ہیں جب کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، این ڈی ایس اور را کے گٹھ جوڑ کو پہلے ہی ڈوزئیر کی شکل میں دُنیا کے سامنے بے نقاب کر چکے ہیں۔ بلوچستان، قبائلی اضلاع اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل ناکامی کے بعد را اوراین ڈی ایس کی بے چینی میں مزید اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں امن اور ترقی دُشمن کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی ہے اور اسی لیے سلیپر ز سیل کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں کی ناکام کوشش کی گئی۔