ایران نوازملیشیاؤں کی شام میں العمرآئل فیلڈمیں واقع امریکا کے فوجی اڈے پرگولہ باری

ایران نوازملیشیاؤں نے سوموار کی شب شام کے مشرق میں واقع العمرآئل فیلڈ میں امریکا کے ایک فوجی اڈے پر گولہ باری کی ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ ایران نوازملیشیاؤں نے فوجی اڈے کی جانب متعدد گولے داغے ہیں،ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ بیس کو نقصان کو پہنچا ہے۔

اس نے مزید بتایا ہے کہ اس حملے کے جواب میں امریکا کی قیادت میں بین الاقوامی اتحاد نے توپ خانے سے شام کے سرحدی قصبے المیادین میں ان ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی ہے۔

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے بھی العمرآئل فیلڈ میں واقع امریکی اڈے کی جانب متعدد میزائل داغے جانے کی اطلاع دی ہے لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ یہ میزائل کس نے داغے ہیں۔

قبل ازیں سوموار کو علی الصباح امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے شام اورعراق میں ایران نوازملیشیاؤں پر مشتمل الحشدالشعبی کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی اطلاع دی تھی۔اس نے یہ فضائی بمباری الحشدالشعبی کے عراق میں امریکی فوجیوں اور تنصیبات پر ڈرون حملوں کے ردعمل میں کی تھی۔

الحشدالشعبی نے امریکی فوج کے فضائی حملوں میں اپنے بعض جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور ان کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

الحشد کے ذرائع کے مطابق عراق کے مغربی صوبہ الانبار میں ایک فضائی حملے میں اس کے چارجنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے الگ سے اطلاع دی تھی کہ شام کے سرحدی علاقے میں فضائی حملے میں الحشد کے پانچ جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ شام کے سرحدی علاقے میں الحشد کے فوجی ٹھکانوں کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔