قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری

گوجرانوالہ: ضمنی الیکشن کے لیے قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلی کی 2،2 نشستوں پرپولنگ کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی 2،2 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے، این اے 75 سیالکوٹ میں (ن) لیگ کی سیدہ نوشین افتخاراورپی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی میں کڑا مقابلہ ہے۔ این اے 45 کرم میں جے یو آئی کے جمیل خان اورپی ٹی آئی کے فخرزمان آمنے سامنے ہیں۔

پی پی 51 گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کی بیگم طلعت محمود اورپی ٹی آئی کے چوہدری یوسف مد مقابل ہیں جب کہ پی کے 63 میں (ن) لیگ کے اختیارولی اورپی ٹی آئی کے میاں عمرکاکا خیل میں مقابلہ ہے۔

دوسری جانب ضمنی الیکشن کے لیے قومی اسمبلی کی سیٹ این اے 75 کے پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران دو گروپوں میں شدید جھگڑے اور فائرنگ سے 8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے۔