براڈ شیٹ پاناما ٹواوراپوزیشن کو لپیٹ میں لے گا، وزیرداخلہ

Spread the love

کراچی: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے براڈ شیٹ انکوائری کے سربراہ عظمت سعید پر اپوزیشن اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کا سربراہ کیا ملک قیوم کو بنائیں؟۔

کراچی کوسٹ گارڈز ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے پاس اب کہنے کے لیے کچھ نہیں بلکہ سیاست کرنے کے لیے ختم نبوت، کشمیر اور اسرائیل تین موضوع ہیں، حالانکہ عمران خان نے جتنا یواین میں کشمیر کا کیس لڑا کسی اور نے نہیں لڑا، وزیراعظم نے مودی کو ہٹلر کے نام سے متعارف کرایا ہے، مجھ سے زیادہ اس ملک میں کشمیر ایشو کو کوئی نہیں سمجھتا۔

یہ بھی پڑھیں:   مسلم لیگ ن نے منی بجٹ مسترد کر دیا

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا قائداعظم کے مزار پر خطاب کرنا قیامت کی نشانی ہے، گولڈن ٹیمپل کا دورہ کرنے والے کیسے مزار قائد پر بو ل سکتے ہیں، تاریخ پڑھیں انہوں نے قیام پاکستان سے پہلے قائداعظم کو کیا کیا کہا تھا، آپ جو مرضی کر لیں آپ کا دور اقتدار نہیں آئے گا، مولانا سمجھ رہے ہیں (ن) لیگ کے ساتھ مل کر سیاسی کردار بن جائے گا، ان کی 5 یا 6 سیٹیں ہیں ان کا کوئی رول نہیں بنے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور پی ڈی ایم والے نہیں چاہتے ہم ترقی کریں، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ یہ لوگ سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے، استعفے دیئے گئے نہ ہی سینیٹ انتخابات سے باہرہورہے ہیں، سینیٹ اوپن بیلٹ کے ذریعے انتخابات کافیصلہ عدالت کرے گی، جو حشر الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا ہوا وہی لانگ مارچ کا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:   پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی تعداد 495 ہوگئی

وفاقی وزیر نے براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کے سربراہ عظمت سعید پر اپوزیشن کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کچھ کہنے سے پہلے پڑھ لیا کریں، شیخ عظمت سعید ایک بہت بڑا نام ہے، یہ ان پر بھی اعتراض کررہے ہیں، مجھے بتائیں کہ کیا شیخ عظمت کبھی نیب کے پراسیکیوٹر رہے ہیں؟، مریم کے لئے یہ خبر کافی ہے کہ شیخ عظمت نے والیم ٹین پڑھی ہوئی ہے، آئندہ دنوں میں براڈ شیٹ سے متعلق مزید انکشافات ہوں گے اور براڈ شیٹ پاکستان کا پاناما ٹو ثابت ہوگا، ان انکشافات میں (ن) لیگ کے مزید اثاثے سامنے آسکتے ہیں، براڈ شیٹ سے جو نکلے گا اپوزیشن کو لپیٹ میں لے گا، براڈ شیٹ کا سربراہ عظمت سعید کو نہ بنائیں تو کیا ملک قیوم کو بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں:   میرا بل 40 ہزار آیا ہے نہ بیوی ہے اور نہ ہی بچے، شیخ رشید کا دعویٰ

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں ریڈ الرٹ ہے، عالمی طاقتیں پاکستان اور سی پیک کو ڈسٹرب کرنا چاہتی ہیں، خفیہ ایجنسیوں نے بہت سے واقعات کو ہونے سے روکا، امن دشمن عناصر کی پوری کوشش ہے کراچی میں بدامنی پیداہو، سندھ حکومت سیف سٹی کیلئے رینجرز سے تعاون کرے۔