کشتی الٹنے سے کراچی کے 9 افراد ڈوب گئے

کراچی: ٹھٹھہ میں کینجھر جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی الٹ گئی 9 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے 3 افراد کی حالت غیر ہے۔

کشتی الٹنے سے ڈوب کر مرنے والوں میں 21 سالہ عروج اور3 بہنیں سعدیہ، شائزہ، علیشاہ بھی شامل ہیں۔ ریسکیو کے مطابق ڈوبنے والوں کا تعلق محمود آباد کراچی سے بتایا جاتا ہے جو پکنک منانے جھیل پر آئے تھے۔ کینجھر جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی تیز ہواؤں کے باعث الٹ گئی، اور واقعہ کشتی کی لکڑی پرانی ہونے اور زیادہ سواری بٹھانے کی وجہ سے پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں:   سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معاشی حالت بدلے گی‘‘صادق سنجرانی

حادثے کے باعث 4 خواتین سمیت 9 افراد ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئے، جب کہ 3 خواتین ماہین، رشیداں اور روبینہ بچ کر سول ہسپتال مکلی منتقل ہو گئی، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ڈوبنے والے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔

کینچھر جھیل کشتی حادثے میں لاپتہ افراد کو بچانے کے لیے پاک بحریہ کی بھی معاونت حاصل کرلی گئی ہے۔ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سول انتظامیہ کی درخواست پر پاک بحریہ کا سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاک بحریہ کے غوطہ خور اور میڈیکل ٹیم آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔