پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 460 ہوگئی

کراچی: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 460 ہوگئی جب کہ سیکڑوں کیسز مشتبہ ہیں۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 245 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 25 ، پنجاب میں 80، بلوچستان میں 81، اسلام آباد میں 5، گلگت بلتستان میں 23 ہوگئی جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض زیر علاج ہے۔

راولپنڈی میں کورونا وائرس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آگیا، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کیس کی تصدیق کردی اور کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے، پنجاب حکومت ان حالات میں انتھک کوششیں کررہی ہے اور تمام مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ اب تک لاہور میں 14 اور گجرات میں 4 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ایران سے آنے والے 60 زائرین بھی متاثر ہیں جن میں سے 55 ڈی جی خان اور پانچ ملتان میں موجود ہیں.

محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا کے مطابق کرم ایجنسی میں 5، ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان سے 3، 3 جب کہ لوئر دیر، مالاکنڈ ، پشاور اور ہری پور سے ایک ایک مریض میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ تمام متاثرہ افراد کو ڈیرہ اسماعیل خان کے درہ زندہ آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے، محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ان کے پتے پر صوبائی حکومت کی جانب سے فوڈ پیکیج بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیس اہلکار کوارٹائن کرنے والے مقامات پر عوام کو بے جا ہراساں نہ کریں۔ جس کے بعد خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے خدشات پیش نظر خیبر پختون خوا میں انسداد پولیو مہم موخر کردی گئی۔ انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 13 لاکھ 24ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر تھا.

سندھ میں کورونا وائرس کےسب سے زیادہ 245 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں، محکمہ سندھ کے مطابق سکھر 151، کراچی 93 اورحیدرآباد میں ایک شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بھی ایک اسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کے ماتحت تمام ادارے بند کردیئے گئے ہیں، چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا ہے کہ 3 اپریل تک سندھ کے 25 سرکاری محکمے اور ان کے ذیلی دفاتر بند رہیں گے، اس کے علاوہ خود مختار کارپوریشنز، ادارے اور لوکل کونسلز میں بھی تعطیل ہوگی، سندھ تعطیلات کے باوجود تمام محکموں کے انتظامی سربراہان اور سینئر افسران آن کال رہنے کے پابند ہوں گے۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، داخلہ، خزانہ، بلدیات، خوراک، منصوبہ بندی و ترقیات میں سرکاری تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ اور محکمہ جیل خانہ جات کے دفتر بھی کھلے رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے17مارچ کو پی ایس ایل 2020 میں شریک کُل 128 کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے جن کی رپورٹس آج پی سی بی کو موصول ہوگئی ہیں جس کے بعد کرکٹ بورڈ نے تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی ہے۔

گزشتہ روز کورونا وائرس سے شہری کی ہلاکت کے بعد مردان کی یونین کونسل منگا میں غیر معینہ مدت کے لیے لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مردان نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق یونین کونسل سے کوئی شخص نہ تو باہر جاسکتا ہے اور نہ اندر آسکتا ہے۔ مرحوم شخص کے خاندان کے تمام افراد کے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ٹیسٹ اور اسکریننک جاری ہے۔

ہری پور میں ڈی ایس پی سمیت 22 افراد نے کورونا وائرس کے حوالے سے ٹیسٹ کرائے تھے جن کی رپورٹس تاحال اب تک نہیں ملی تاہم اب ان لوگوں کو خان پور ریسٹ ہاؤس سے دوسری جگہوں پر منتقل کردیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے کیسز کی تعداد 81 ہوچکی ہے۔ بلوچستان حکومت نے پاک ایران سرحد کے قریب تفتان کے مقام سے مزید 1653 زائرین کو اپنے اپنے متعلقہ صوبوں کی جانب روانہ کردیا ہے، لیوی حکام کا کہنا ہے کہ 42 بسوں میں سوار زائرین کو پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر روانہ کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے وہیں پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی اس سے محفوظ نہیں ۔ ہنڈریڈ انڈیکس گزشتہ 2 ہفتوں سے مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور جمعرات کو انڈیکس گزشتہ 5 سال کی انتہائی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔