کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے پاکستان کو 53 کروڑ ڈالر کی پیشکش

اسلام آباد: عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے 53 کروڑ ڈالر دینے کی پیشکش کردی ہے۔

میڈیا کے مطابق عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے 53 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا مالی تعاون فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ عالمی بینک 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جب کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 35 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 5 کروڑ ڈالر فوری جاری ہونے کا امکان ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے امیر ممالک اور عالمی اداروں کو غریب ممالک کا قرض معاف کر دینا چاہیے کیونکہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ کورونا کی روک تھام کر سکیں۔

کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پاکستان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان معاہدے جلد متوقع ہیں۔ یہ فنڈز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے۔