کیچن میں رکھے انڈے سانپ کھا گیا، ویڈیو وائرل

نیویارک: زہریلے یا نقصان پہنچانے والے جانور دیکھ کر انسان کے اعصاب کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تاہم ہمارے ارد گرد کچھ ایسے بہادر لوگ بھی موجود ہیں جو کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

اگر کسی عقل مند شخص کو سانپ کی موجودگی کا علم ہوجائے تو وہ اُس مقام سے دور جانے میں ہی عافیت سمجھتا ہے کیونکہ اُسے یہ خوف ہوتا ہے کہ اگر سانپ نے ڈس لیا تو جان جانے کا خدشہ ہے اور اگر کسی کو اژدھے کی موجودگی کا خدشہ بھی ہو تو پھر اُس جگہ سے کئی فٹ کا فاصلہ اختیار کرنا ہی بہتر سمجھا جاتا ہے۔

سانپ بڑا ہو یا معمولی اسے خوف کی علامت ہی سمجھا جاتا ہے تاہم سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیو وائرل ہوئی جس نے سب کے ہوش اڑا دیے۔

دی سن کی رپورٹ کے مطابق امریکی جوڑا جب گھر واپس آیا تو وہ خوف زدہ ہوگیا کیونکہ اُن کے باورچی خانے میں کئی فٹ لمبا خطرناک سانپ موجود تھا جو میز پر رکھے انڈے نگل رہا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی فٹ لمبا سیاہ سانپ انڈا نگلنے کی کوشش کررہا ہے۔

خاتون کے مطابق وہ یہ منظر دیکھ کر خوف زدہ ہوگئیں تھیں مگر پھر اُن کے شوہر نے ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب ہم گھر پہنچے تو سانپ کئی انڈے کھا چکا تھا۔

امریکی جوڑے نے سانپ کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد وہ وائلڈ لائف کے رضاکاروں کے ساتھ متعلقہ گھر پہنچے اور سانپ کو پکڑ کر چڑیا گھر منتقل کیا۔