کراچی کو 3 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران کے کراچی کے لیے کیے گئے وعدے پورے ہونے جا رہے ہیں اور حکومت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو 3ارب 40 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیے ہیں۔

کراچی میں انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی نے کراچی کو کہیں کا نہیں چھوڑا، گرین لائن منصوبہ وفاق مکمل کرے گا، لیاری ایکسپریس پر بسوں کو چلائیں گے اور اس پر بھاری ٹریفک کھول دیا جائے گا تاہم ہیوی ٹریفک سے قبل لیاری ایکسپریس وے کو مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نالائقی بہت زیادہ ہے، سب سے بڑا بلنڈر پانی کے مسئلے پر کیا، وفاق کی کے فور منصوبے پر مکمل نظر ہے، منصوبے کا پرانا ڈیزائن ضائع ہوگیا۔

خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کراچی سے وعدے پورے ہونے جارہے ہیں، وفاقی حکومت نے کراچی کے ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے 3 ارب 40 کروڑ روپے جاری کردیے ہیں اور تمام کام پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے تحت کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے لیے خوشی کا دن ہے اور صوبائی اسمبلی کے ارکان کو بھی تین، تین کروڑ جاری کیے گئے ہیں اور وہ اپنے حلقوں میں کے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (ایم سی کے) تحت کام کرائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں کرپشن پر عوام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹھیکدار کا گریبان پکڑ سکتے ہیں، مجموعی طور پر کراچی کے لیے 6 ارب 80 کروڑ روپے ریلیز کیے جائیں گے، کراچی کے منصوبوں میں اسد عمر اور علی زیدی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے تاہم سندھ حکومت کا کورونا وائرس پر کردار بھی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کورونا کے حوالے سے وفاق کی ہدایت کو فالو کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ماضی میں ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔