کھلی فضا کے بجائے زیر زمین انوکھا واٹر پارک

نیوجرسی: دنیا بھر میں واٹرپارک کھلی فضا میں بنائے جاتے ہیں لیکن اب دنیا کا سب سے بڑا انڈور واٹر پارک اس ہفتے کھولا جارہا ہے جسے اینی میشن فلمیں بنانے والی کمپنی ’ڈریم ورکس‘ نے تیار کیا ہے۔

اس واٹر پارک میں رائیڈز، پھسلیاں اور دیگر تفریحی تعمیرات مشہور کرداروں کنگ فو پانڈا اور شریک سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہیں جبکہ بچے اور بڑے ان فلموں کے کرداروں کو بھی جیتا جاگتا ہوا دیکھ سکیں گے۔

ڈریم ورکس کے مطابق یہ شمالی امریکا کا سب سے بڑا واٹر پارک ہے جسے ہر ممکن حد تک حقیقی بنایا گیا ہے۔ ڈریم ورکس واٹر پارک کی تعمیر میں ایک اور ادارہ امریکن ڈریم بھی ہے جو نیو جرسی کی ایک کمپنی ہے لیکن یہ واٹرپارک مرحلہ وار انداز میں کھولا جائے گا۔
واضح رہے کہ پورا پارک ہی شیشے سے بنی بہت بڑی عمارت کے اندر قائم کیا گیا ہے جس میں ایک دو نہیں بلکہ 40 سے زائد واٹر سلائیڈز اور رائیڈز تعمیر کی گئی ہیں۔ مڈغاسکر کا پورا بارانی جنگل یہاں تعمیر کیا گیا ہے اور شریک فلم کی مشہور دلدل بھی بنائی گئی ہے۔ اسی جگہ کنگ فو پانڈا کی مشہور جگہوں کو بھی دیکھا جاسکے گا۔

واٹر پارک کی ایک اور خاص بات پرفیکٹ سویل ہے جو ڈیڑھ ایکڑ پر پھیلا دنیا کا سب سے بڑا ایسا سوئمنگ پول ہے جہاں مشینوں کے ذریعے مصنوعی لہریں پیدا کی جاتی ہیں جبکہ ایک اور طویل ترین واٹر سلائیڈ بھی ہے جس کی اونچائی 142 فٹ کے لگ بھگ ہے۔

اسی پارک میں ’’نکلیوڈیون یونیورس‘‘ کے نام سے ایک تفریحی گوشہ بنایا گیا ہے جبکہ برف پر پھسلنے کی انڈور اسکینگ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔