کورونا وائرس کا ایک اورکیس رپورٹ، پاکستان میں تعداد 21 ہوگئی

اسکردو: گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک اورمریض سامنے آگیا جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع شگرکے رہائشی 31 سالہ مظہرعلی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہوگئی جب کہ ملک میں مجموعی طورپرکورونا مریضوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

محمکہ صحت کے مطابق متاثرہ شخص مظہرعلی ایران سے 25 فروری کو واپس آیا تھا۔ مریض کو بے نظیرشہید اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔ گزشتہ روزبھی گلگلت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہوئی تھی۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض صحتیاب ہوگیا جو خوش آئند بات ہے۔ مرتضی وہاب نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہے جس میں سے ایک 64 سالہ مریض صحتیاب ہوگیا ہے اب یہ تعداد 13 ہوگئی ہے، کل سے سندھ حکومت نے ایئرپورٹ سے 3 افراد کو اس وائرس کے شبہ میں اسپتال منتقل کیا ہے، ایئرپورٹ پر کام کرنا ہماری نہیں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے جو اسے نہیں نبھا رہی۔