کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

کراچی: پی ایس ایل فائیو کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرادیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلےگئے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرادیا، کراچی کنگز کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور بینٹون نے کیا، کامران اکمل نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا 43 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے حیدر علی صرف 4 رنز بناکر چلتے بنے جب کہ شعیب ملک 16 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔

شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد لیونگ اسٹون نے پشاور زلمی کی ٹیم کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 54 رنز بنائے جب کہ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے لیونگ اسٹون کا بھرپور ساتھ دیا اور 30 رنز کی اننگز کھیلی تاہم پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بناسکی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی، کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم شرجیل 11 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد کیمرون ڈیلپورٹ 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے کپتان اور کراچی کنگز کے اوپننگ بلے باز بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 56 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے بھی نصف سنچری اسکور کی، وہ 30 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

افتخار احمد نے آخری اوور میں 3 گیندوں پر 16 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2 اور محمد محسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں