63 سال پہلے گم ہوجانے والا پرس کیسے ملا؟

اوہایو: کچھ دن پہلے امریکی ریاست اوہایو کے نارتھ کینٹن مڈل اسکول کے نگراں چیس پائل وہاں پرانی الماریوں کی مرمت کے سلسلے میں اکھاڑ پچھاڑ کروا رہے تھے کہ انہیں ایک الماری اور دیوار کے بیچ ایک پرانا پرس ملا۔ انہوں نے اس پرس کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور مقامی محکمہ تعلیم کے سپرد کردیا۔

جب مزید چھان بین کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ پرس پیٹی رمفولا نامی کسی لڑکی کا ہے جو اسی اسکول میں پڑھتی تھی جبکہ یہ پرس 1957ء میں اس سے گم ہوگیا تھا۔

محکمہ تعلیم کے مزید تلاش کرنے پر پتا چلا کہ رمفولا کی شادی 1980ء میں ہوگئی تھی جبکہ اس کا انتقال 2013ء میں ہوچکا ہے۔ البتہ، اس خاتون کے 5 بچے ہیں جو اتفاقاً قریب ہی کسی جگہ پر ایک نجی دعوت میں اکٹھے ہورہے تھے۔ جب یہ پرس ان بچوں تک پہنچایا گیا تو وہ سب کے سب جذباتی ہوگئے کیونکہ اس میں ان کی والدہ سے وابستہ یادیں موجود تھیں۔

بظاہر بوسیدہ اور مٹی سے اٹا ہوا یہ گلابی پرس ان بچوں کے لیے کسی یادگار سے کم نہیں کیونکہ اس میں ان کی والدہ کے لڑکپن کی چیزیں آج تک موجود ہیں جن میں رومال، کنگھا، لپ اسٹک سمیت میک اپ کا تھوڑا بہت سامان، تصویریں، پنسلیں، ممبرشپ کارڈز، ہائی اسکول فٹ بال میچز کا شیڈول اور 26 سینٹ کے سکے شامل ہیں۔

اب رمفولا کے بچوں نے یہ پرس اور اس میں رکھے سامان کو اپنے خاندان کی مشترکہ وراثت قرار دیا ہے لیکن 26 سینٹ کے سکّے آپس میں بانٹ لیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں