پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے آج ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی ایسی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان امن کا حامی ہے اور علاقائی امن کے لئے تمام ممکنہ کوششیں کررہا ہے۔ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی ہے۔

میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں بری فوج کے سربراہ نے علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی کےخاتمے پر زور دیا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جس راستے کا انتخاب بھارت نے کیا ہے وہ اس کی اپنی ہی تباہی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں