فیصل آباد:انسداد گداگری مہم،51بھکاریوں کو تحویل میں لے لیا گیا

ڈپٹی کمشنرمحمدعلی کی ہدایت پر شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف اپریشن کو تیز کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ سماجی بہبود کی چار ٹیموں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں کارروائی کرتے ہوئے 51 بھکاریوں کو تحویل میں لیا جن میں 28 مرد‘ 20 خواتین اور تین بچے شامل تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) میاں آفتاب احمد نے انسداد گداگری مہم کا جائزہ لیا اور محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی کو چیک کرتے ہوئے بتایا کہ گداگری کا پیشہ کروانے والے مافیا کو قانون کی گرفت میں لانے کے لئے حکمت عملی وضع کی گئی ہے جو مختلف چوکوں میں خواتین و مرد بھکاریوں کو بھیک مانگنے کے لئے چھوڑ کر جاتے اور شام کو لے جاتے ہیں اوریہی مافیا اس گھناؤنے دھندے کو فروغ دینے کا موجب ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحویل میں لئے گئے بھکاریوں کو اولڈ ایج ہوم‘دارالامان اور چائلڈ پروٹیکیشن بیورو میں رکھیں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر اور فوکل پرسن / سوشل ویلفیئر آفیسر ریحانہ یاسمین نے انسداد گداگری مہم کی نگرانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف اپریشن کے لئے چار ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جن کی طرف سے ڈھڈی والا‘کوہ نور چوک‘ عبداللہ پور‘ ریلوے اسٹیشن‘ٹرانسپورٹ اڈوں‘ ریلوے روڈ‘ جی ٹی ایس چوک‘ سلیمی چوک‘ستیانہ روڈ گیٹ کے روٹ‘ چناب کلب چوک‘ لاری اڈا‘ ملت چوک‘ الائیڈ ہسپتال‘ اکبر آباد موڑ‘ بلال مسجد کے روٹ‘ چوک گھنٹہ گھر‘ کچہری بازار‘ نڑ والا چوک‘ یونیورسٹی چوک‘ منروا کلب کے روٹ‘ رضا آباد‘ مرضی پورہ‘ غلام محمد آباد‘ جناح کالونی‘ دھوبی گھاٹ کے روٹ پر الگ الگ دو شفٹوں میں بھکاریوں کے خلاف اپریشن کیا جارہا ہے